لاہور(کلچرل رپورٹر)پنجاب گروپ ــ انڈس کونکلیو کی 3 روزہ کانفرنس کا آغاز 14 اکتوبر سے ہو گا ۔پنجاب گروپ کی جانب سے سماجی و ثقافتی اور معاشی شعبوں میں حقیقی عالمی اثرات پیدا کرنے کے مشن کے ساتھ الحمرا آرٹ سنٹر مال روڈ لاہور میں 14سے 16اکتوبر تک ایک کانفرنس کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ مذکورہ کانفرنس کا عنوان انڈس کونکلیو -لوکنگ ان ٹو فیوچر رکھا گیا ہے۔ کانفرنس کا مقصد کاروباری رہنمائوں ، پالیسی سازوں ، سفارتکاروں ، صحافیوں ، ماہرین تعلیم ، مصنفین ، فنکاروں اور سول سوسائٹی کیلئے ایک موقع فراہم کرنا ہے کہ وہ یکجا ہو کردنیا کو درپیش مسائل کے حل تلاش کرنے کیساتھ اپنے نظریات کا اظہار کر سکیں علاوہ ازیں ماضی کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کیلئے بہترین منصوبہ بندی کر سکیں ۔ یہ کانفرنس ایک پائیدار پلیٹ فارم متعارف کرانے کی کاوش ہے جس کے ذریعے پیشہ ور افرا اور معروف مفکرین جدت پسند انوویٹرز سے مل کر اس دنیا کو ہر فرد کیلئے ایک پر امن مساوی اور محفوظ جگہ بنانے میں کامیاب ہو سکتے ہیں ۔تین دنوں پر مبنی کانفرنس کا آغاز افتتاحی تقریب سے کیا جائے گا جس کے بعد فکرانگیز گفت وشنید کا سلسلہ شروع ہو گا۔ نامور مصنفین تقریب رونمائی کے زریعے اپنی کتاب کو متعارف کروائیں گے۔ کانفرنس میں متعدد مشہور ومعرف شخصیات اور مقررین شرکت کریں گے جن میں جسٹس جواد حسن، جسٹس نا صرہ اقبال، جہاں آرا، نجم سیٹھی، سلمان اکرم راجہ ،ڈاکٹر معیدیوسف، سینیٹر عائشہ رضا فاروق، میرا سیٹھی، واسع چوہدری، ماروی مظہر، دُرِ عزیز امینا، یاسر بشیر، ڈینیئل شریف، نتاشا نورانی، عماد میاں،قُدسیہ رحیم، انیق احمد، کامل چیمہ، مشرف زیدی، ڈاکٹرشہزاد علی چوہدری، ڈاکٹرظفر مرزا اور بلال تنویرسرفہرست ہیں۔انڈس کونکلیو کے ذریعے پنجاب گروپ کا مقصد علم و فکر ، پالیسی سازوں اوت کمیونٹی میں اثر و سوخ رکھنے والوں کی جماعت کو شامل و متحرک کرنا ہے ۔