لاہور(کامرس رپورٹر )سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ’’سمیڈا‘‘ گللگت بلتستان میں ایس ایم ایز کے فروغ کیلئے پاکستان ٹوارزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے اشتراک سے 20اکتوبر سے گلگت بلتستان میں ’’فیسٹول آف نارتھ( گوجال) چیپٹر)‘‘ کے نام سے 4 روزہ تجارتی و سیاحتی میلہ منعقد کر رہا ہے۔ اس امر کا انکشاف سمیڈ ا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہاشم رضا نے گذشتہ روز سمیڈا کے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں سیلاب کی وجہ سے سیاحتی سرگرمیاں آج کل ماند پڑی ہوئی ہیں۔ لہٰذا سیاحت کو نہ صرف بحال کرنے بلکہ اسے جدید انداز سے فروغ دینے کیلئے سمیڈا نے پی ٹی ڈی سی اور گلگت بلتستان کی حکومت کے ساتھ مشاورت سے چند ماہ پہلے فیسٹول آف نارتھ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ جس کا سمیڈا کے نزدیک بنیادی مقصد سیاحتی شعبہ کے توسط سے بالائی ہنزہ میں چھوٹے اور درمیانے کاروباروں کو تقویت دینا ہے اور مذکورہ فیسٹول کے تحت ایس ایم ایز کی سرگرمیوں کو وادی گوجال کے مختلف قصبوں تک پھیلایا جائے گا۔پہلی بار منعقد کیے جانے والے اس میلے کو آئیندہ ایک سالانہ فیسٹول کے طور پر بہتر انداز سے جاری رکھا جائے گا ۔
اور کوشش کی جائے گی کہ اس سے مقامی ایس ایم ایز کی مصنوعات اور خدمات کے معیار اور اقسام میں زیادہ سے زیادہ اضافہ ہوتا چلا جائے۔سمیڈا کے چیف نے بتا یا کہ سیاحت کے شعبہ کا ہاسپیٹیلٹی ، ٹور گائیڈ ز، کھیلوں ،کھانے پینے کی اشیاء اور ہینڈ ی کرافٹس کے کاروبار سے گہر ا تعلق ہے لیکن یہ کاروبار تا حال سیاحتی علاقوں میں معیار اور جدت کے حوالے سے عالمی پائے کی ترقی نہیں کر پایا اور نہ ہی یہا ں تیار کی جانے والی مصنوعات روایتی انداز اور اقسام سے آگے بڑھ سکی ہیں۔ سمیڈا ، فیسٹول آف نارتھ کے تحت مقامی ایس ایم ایز کو مصنوعات کی جدید اقسام ، اعلیٰ معیار ، عمدہ پیکیجنگ اور مارکیٹنگ کے نئے طریقوں کے بارے میں آگاہی دے گی۔ہاشم رضا نے کہا کہ سیاحت کے شعبہ کو حالیہ ایس ایم ای پالیسی میں معاشی ترقی کے ترجیحی شعبوں میں شامل کیا جا چکا ہے جس کی وجہ سے اس شعبہ میں ایس ایم ایز کا فروغ ایس ایم ای پالیسی کے تحت تشکیل دیئے گئے۔ ایکشن پلان کا نمایاں حصہ ہے۔ مذکورہ فیسٹول سے اس شعبہ کے تمام سٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے جس سے سیاحتی کاروبار کو ترقی دینے کی نئی راہیں کھلیں گی۔ فیسٹول میں ایس ایم ایز کے سٹال کے علاوہ مقامی ثقافت کے فروغ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں مقامی خوراک کے سٹال، روایتی ثقافتی موسیقی، بون فائر اور کیمپنگ جیسی سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ہاشم رضا نے بتا یا کہ پی ٹی ڈی سی اور گلگت بلتستان کی حکومت کے ساتھ ساتھ وفاقی وزارت صنعت و پیداوار بھی اس فیسٹول کے انعقاد میں بھرپور سرپرستی کر رہی ہے جبکہ نجی شعبہ کی طرف سے بھی گرمجوشی کا مظاہر ہ کیا جا رہا ہے۔