لاہور(سپورٹس رپورٹر)ٹینس کے ٹیلنٹ کوفروغ دینے کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب اور انٹرنیشنل ٹینس سٹار اعصام الحق کے درمیان ایم او یو پر دستخط ہوگئے ہیں۔ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہوئی جس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی اور اعصام الحق نے دستخط کئے۔ طارق قریشی نے کہا کہ پنجاب کے بہترین ٹیلنٹ کو سٹار بنانے کے پروگرام پر عمل شروع کردیا ، سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹینس اکیڈمی کے بہترین کھلاڑیوں کو اعصام الحق اور انکی ٹیم تربیت دیگی۔اعصام الحق نے کہا کہ، خواہش ہے بین الاقوامی سطح پر ٹینس کے کھیل میں پاکستان کا نام روشن ہو۔ ملک کیلئے ٹینس کے نئے ٹیلنٹ کو آگے لانے کی خواہش پر ایم او یو کیا ہے، پہلا موقع ہے کہ ٹینس کے نئے ٹیلنٹ کے تربیت کیلئے ایک سالہ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔
، ہم چیمپئن تیار کرنے کی بنیاد رکھ رہے ہیں، پاکستان کا نمبر ون کھلاڑی ہونے کے ناطے نئے کھلاڑی تیار کروں گا، جو سہولیات مجھے اور عقیل خان کو نہیں ملیں وہ اپنی نئی نسل کو دینے کا خواہشمند ہوں، تین سے چار سال میں ہمارے کھلاڑی ایشین اور بین الاقوامی ایونٹس میں حصہ لیں گے۔