لاہور(سپورٹس رپورٹر)سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کے اہم میچ میں میزبان نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو 48 رنز سے شکست دیدی جس کے بعد پاکستان اور نیوزی لینڈ نے ٹورنامنٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ۔کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔نیوزی لینڈ نے ڈیون کانوے کے 64 رنز اور گلین فلپس کے جارحانہ 60 رنز کی بدولت بنگلہ دیش کو جیت کیلئے 209 رنز کا ہدف دیا ۔مارٹن گپٹل نے 34اور فن ایلن نے 32 رنز بنائے۔بنگلہ دیش کی جانب سے محمد سیف الدین اور عبادت حسین نے دو، دو جبکہ شریف الاسلام نے ایک وکٹ حاصل کی۔بنگلہ دیش کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنا سکی۔ کپتان شکیب الحسن نے 70 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ لٹن داس اور سومیا سرکار نے 23، 23 رنز بنائے۔ ایڈم ملنے نے 3 جبکہ ٹم ساتھی نے بھی دو وکٹیں لیں۔ مائیکل بریسویل نے بھی دو وکٹیں لیں ۔ کیوی پلیئرگلین فلپس کو پلیئر آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔شکست کے ساتھ ہی بنگلہ دیش کی ٹیم یہ میچ ہار کر سہ فریقی ٹورنامنٹ کے فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ، اب تین ملکی سیریز کا فائنل میزبان نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان کل14اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔۔سیریز کا آخری رائونڈ میچ آج جمعرات کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔پاکستان نیوزی لینڈ میں سہ ملکی سیریز کھیلنے کے بعد ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کھیلنے کیلئے آسٹریلیا روانہ ہو جائے گی ۔