پاکستان سپورٹس بورڈ قومی کھیل کیساتھ کھلواڑ کررہا ہے : خالد سجاد کھوکھر

Oct 13, 2022


لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ پاکستان سپورٹس بورڈ قومی کھیل کیساتھ کھلواڑ کررہا ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کھیلوں کی تباہی کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے اور سپورٹس فیڈریشنوں کے معاملات میں غیر آئینی مداخلت کرکے کھیلوں کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن خود مختار ادارہ ہے جو پی ایچ ایف آئین کے مطابق انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن اور انٹرنیشنل اولمپک ایسوسی ایشن سے بذریعہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن الحاق رکھتی ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات برائے سال 2022-2026 ایف آئی ایچ اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے تسلیم کیئے جاچکے ہیں اور اس سلسلہ میں ان اداروں کی جانب سے الحاق لیٹرز بھی جاری ہوچکے ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن اپنے آئین کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ سے محض گرانٹس اور فنڈز کی بابت معاونت کرتی ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے یکے بعد دیگرے کئی غیر آئینی لیٹر پاکستان ہاکی فیڈریشن کو جاری کئے گئے ہیں جنکی کوئی قانونی حیثیت نہیں ۔ سمجھ سے بالاتر ہے  پاکستان سپورٹس بورڈ قومی کھیل کیساتھ ایسا کھلواڑ کیوں کررہا ہے۔ چھوٹے سے اخباری تراشہ کے ذریعہ پتہ چلا کہ کوئی کمیٹی بنائی گئی ہے، جس کی بابت پاکستان ہاکی فیڈریشن کو نہ تو پاکستان سپورٹس بورڈ اور نہ ہی اس کمیٹی کی جانب سے کوئی تحریری اطلاع دی گئی ہے۔ کسی کمیٹی کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ ایڈہاک کی صورتحال پیدا کرے یا منتخب عہدیداران کی جگہ اپنے من پسندیدہ افراد کو تعینات کرے۔پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے غیر آئینی اقدامات کی بدولت پاکستان ہاکی اور پاکستان دنیا بھرمیں بدنام ہورہا ہے۔ پی ایس بی کے کسی قسم کے اختیارات نہ ہیں کہ وہ کسی منتخب شدہ فیڈریشن کے معامالات میں مداخلت کرے۔  پاکستان سپورٹس بورڈ  غیر آئینی مداخلت اور غیر قانونی اقدامات سے باز رہے اور کھیل دشمن عناصر کا آلہ کار نہ بنے۔ تاریخ میں پہلی بار دیکھ رہے ہیں کہ سپورٹس بورڈ قومی کھیل کے منتظم ادارے میں غیر آئینی مداخلت کررہا ہے۔

مزیدخبریں