کراچی(کامرس رپورٹر) چیئرمین بزنس مین گروپ اور سابق صدر کے سی سی آئی زبیر موتی والا نے کہا کہ ملک میں صدارتی نظام نافذ ہونا چاہئے، سیاسی عدم استحکام کے باعث ملک تباہی کا شکار ہے، کراچی 54 فیصد ایکسپورٹ اور 68 فیصد محصولات ادا کرتا ہے لیکن اس شہر کاکوئی پرسان حال نہیں ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار محمد اکرام رانا کی جانب سے کے سی سی آئی ، آباد اور تاجر ایسوسی ایشنز کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کے دوران کیا۔تقریب میں آباد کے سرپرست اعلیٰ محسن شیخانی، ایف پی سی سی آئی کے سابق سینئرنائب صدرمحمد حنیف گوہر، کے سی سی آئی کے صدرطارق یوسف،آباد کے چیئرمین الطاف طائی،کراچی تاجراتحاد کے سربراہ عتیق میر و دیگرنے بھی خطاب کیا۔ آباد کے نو منتخب چیئرمین الطاف طائی نے کہا کہ متحد ہو کر مسائل کا حل ممکن ہے، بلڈرز کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔ آباد کے سرپرست اعلیٰ محسن شیخانی نے کہا کہ کراچی سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے لیکن بزنس مین مشکلات کا شکار ہیں۔ محمد حنیف گوہر نے کہا کہ سراج قاسم تیلی نڈر تاجر رہنما تھے جو ہر مشکل وقت میں ہر پلیٹ فارم پر تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور آواز بلند کرتے تھے۔ طارق یوسف نے کہا کہ کراچی چیمبر تاجروں کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔ لائٹ ہاﺅس ایسوسی ایشن کے صدر حکیم شاہ نے کہا کہ تاجر اپنے حقوق کیلئے متحد ہیں۔ جبکہ تاجررہنماجمیل پراچہ ، ندیم یوسف، اے کیو خلیل، سعید شفیق، ادریس میمن ، طاہرخالد، خواجہ جمال، شاکر میمن، ہارون فاروقی، خاور میر و دیگر نے شرکت کی ۔
شہرکاکوئی پرسان حال نہیں، صدارتی نظام ہونا چاہئے، زبیر موتی والا
Oct 13, 2022