ثقافتی ورثے کے فروغ سے ملک کا حقیقی امیج اجاگر ہوگا، سردار محمد عرفان ڈوگر


اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن ایم این اے سردار محمد عرفان ڈوگر نے کہا ہے کہ ثقافتی ورثے کے فروغ سے ملک کا حقیقی امیج اجاگر ہوگا۔   ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تمام وفاقی ثقافتی محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ملک میں ثقافتی ورثے کے فروغ پر توجہ دیں۔ سردار محمد عرفان ڈوگر نے کہا کہ پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (PNCA) اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوک اینڈ ٹریڈیشنل ہیریٹیج (لوک ورثہ) جلد ہی سالانہ ثقافتی تقریبات کا انعقاد کریں گے۔  وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ ملک بھر سے مقامی فنکاروں اور کاریگروں کو مدعو کیا جائے گا تاکہ وہ ایک ہی جگہ پر اپنی خوبصورت متنوع ثقافت کی نمائش کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے ساتھ ثقافتی تبادلے کے پروگرام کا جائزہ لیا جائے گا اور مختلف ممالک کے ساتھ ثقافتی طائفوں کے مزید تبادلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔سردار عرفان ڈوگر نے کہا کہ پاکستان متنوع ثقافتی ورثے کا نگہبان ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر سے لوگ ثقافتی ورثے کے مقامات کو دیکھنے کے لیے پاکستان آنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن