لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کی زیر صدارت نشتر کالج آف نرسنگ کا پہلا کانووکیشن منعقد ہوا۔ گورنر پنجاب نے کانووکیشن میں بی ایس نرسنگ پوسٹ آر ایم کی 100 طالبات کو ڈگریاں ایوارڈ کیں اور 11 طالبات کو گولڈ میڈلز پہنائے۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نرسنگ کے شعبہ میں پاکستان میں بہت ترقی ہوئی۔ نرسنگ خدمت انسانیت کا شعبہ ہے۔ اساتذہ نے نالج، ہنر اور سکلز کو طلباءمیں ٹرانسفر کیا۔ نرسنگ کا صحت کے شعبہ میں اہم کردار ہے۔ دنیا کا کوئی ڈاکٹر اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتا ہے جب تک رائٹ کیئر نرسنگ نہ ہو، مریض کو صحت کی طرف لوٹانے میں نرسنگ کا اہم کردار ہے۔ کانووکیشن میں وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی رانا الطاف احمد نے یونیورسٹی کی ایچیومنٹس کے بارے میں بتایا۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی رانا الطاف احمد نے گریجوایٹ سے پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا حلف بھی لیا۔ پرنسپل نشتر کالج آف نرسنگ رخسانہ پروین نے کالج کی کارکردگی کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، وائس چانسلر بہاءالدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شاہ، وائس چانسلر ایم این ایس زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف، وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی ڈاکٹر محمد رمضان، ڈائریکٹر جنرل نرسنگ منزہ چیمہ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب مہر محمد حیات لک، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ جنوبی پنجاب افضل ناصر خاں، پرنسپل نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راو¿ بھی موجود تھے۔ بعد ازاں گورنر پنجاب محمد بلیغ نے پاکستان کاٹن جینرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں چئیرمین پاکستان کاٹن جینرز ایسوسی وحید ارشد نے کاشتکاروں کے مسائل کے بارے بتایا۔ اس موقع پر وائس چانسلر ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف راو¿ اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔ بعد ازاں نیشنل ہسپتال اور ڈائیگناسٹک سنٹر کا افتتاح کیا اور اس کے مختلف شعبوں کا وزٹ کیا۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر چوہدری عبدالوحید آرائیں بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں محمد بلیغ الرحمن نے سابق گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کی رہائش گاہ امیر آباد جا کر ان کی ہمشیرہ کی وفات پر اظہار تعزیت اور دعا مغفرت کی۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور درجات بلند کرے۔