میانوالی (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار+ این این آئی) لوک گلوکار شرافت علی خان بلوچ کی گاڑی واں بھچراں نہر میں گرنے سے وہ سات ساتھیوں سمیت جاں بحق ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق معروف سرائیکی گلوکار شرافت علی بلوچ ہمراہ انور علی، نجف علی، مقدر خان، طاہر عباس، ملک اشفاق اور عامر علی خان نواحی علاقہ چھدرو میں گائیکی کا پروگرام کرکے ڈبل ڈور ڈالہ پر گھر میانوالی واپس آرہے تھے کہ اچانک گاڑی نہر مہاجر برانچ پل کے قریب ایک چھوٹے سے موڑ کو کاٹنے کے دوران نہر میں جا گری جس کے نتیجہ میں شرافت علی خان سمیت ان کی گاڑی میں سوار سات افراد جاں بحق ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم اور ارد گرد کے لوگ اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور گاڑی کو لاشوں سمیت نہر سے نکالا گیا تو تمام کی لاشیں ڈالہ کے اندر مردہ حالت میں موجود تھیں۔ شرافت علی، ان کے بھائی انور علی، رشتہ دار نجف علی، عامر علی، طاہر عباس، ملک اشفاق اور مقدر خان کی نماز جنازہ عید گاہ میانوالی میں ادا کی گئی۔ جس میں تمام مکاتب فکر کی شخصیات اور ان کے دوست احباب اور لوگون نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔ گائیکی کی دنیا کے لوگ بڑی تعداد میں موجود تھے۔ پولیس نے گاڑی سے ملنے والا نوٹوں سے بھرا بیگ بھی لواحقین کے حوالے کر دیا۔