آج ملک بھر میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی، اسرائیلی درندگی کیخلاف مظاہرے

Oct 13, 2023

لاہور پشاور (خصوصی نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) آج جے یو آئی، جمعیت اہلحدیث اور تحریک لبیک سمیت مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کی اپیل پر ملک بھر میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیلی درندگی کیخلاف مظاہرے کئے اور ریلیاں نکالی جائیں گی ۔ لاہور میں مرکزی ریلی امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی کی قیادت میں داتا دربار سے نکالی جائے گی جو براستہ ملتان روڈ سے ہوتے ہوئے قائد و بانی تحریک لبیک پاکستان مزار امیر المجاھدین علامہ حافظ خادم حسین رضوی رحمة اللہ علیہ گرینڈ بیٹری سٹاپ پر اختتام پذیر ہوگی۔ علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ادا کرنے کے لیے سڑکوں پر نکلیں اور دنیا کو یہ پیغام دیں کہ پاکستان کے عوام ہر ظالم کے ظلم کے خلاف اواز حق بلند کرتے ہیں۔ جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ادا کرنے کے لیے سڑکوں پر نکلیں اور دنیا کو یہ پیغام دیں کہ پاکستان کے عوام ہر ظالم کے ظلم کے خلاف آواز حق بلند کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ انہوں نے علماءاور خطباء سے بھی اپیل کی کہ جمعہ کے اجتماعات میں فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم اور قبلہ اول پر یہودی قبضہ ختم کروانے کے لیے قراردادیں منظور کرائیں۔ ملک بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز پر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ سربراہ جے یو آئی فضل الرحمان نے آج ملک بھر میں یوم طوفان اقصیٰ منانے کا اعلان کر دیا۔ 14 اکتوبر پشاور میں ہونے والی مفتی محمود کانفرنس کو فلسطینی بھائیوں کے حق میں بڑے مظاہرے میں تبدیل کرنے کا اعلان کر دیا۔ فضل الرحمان نے کہا کہ ہر مسلمان اپنے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں کھڑے ہو۔ سربراہ جے یوآئی نے کہا کہ مسلم حکمران اپنے موقف سے ابہام نکال لیں، واضح کریں کہ اپنے فلسطینی بھائیوں اور ان کے موقف کے ساتھ کھڑے ہیں، مسلم حکمران ان کے کھانے پینے اور رہائش کی ضروریات پوری کرنے کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل وحشی اور درندے کا کردار ادا کر رہا ہے، 75 سال سے عرب زمین پر قابض ہے، فلسطینی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، یہ ایک جائز جنگ ہے لیکن امریکہ اور یورپ انسانی حقوق کو پامال ہوتے ہوئے تماشا دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ و یورپ انسانی حقوق کے قاتل کو سپورٹ دے رہے ہیں۔ آج بعد نماز جمعہ ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر مظاہرے کئے جائیں، ان مظاہروں اور اس دن کو "یوم طوفان اقصیٰ" کا نام دیا جاتا ہے۔

مزیدخبریں