اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) لطیف کھوسہ نے کہا کہ ابھی قطری خط اوپر سے جس طرح سے نازل ہو گا، اب بھی کوئی ایسی چیز نازل ہو جائے گی جس سے پلیٹلیٹس کم ہو جائیں گے۔ کون سی مشکل بات ہے یہاں سے پلیٹلیٹس کو کم کرنا یا بڑھانا، ماشاءاللہ ہمیں تو بیوقوف بنانا بہت ہی آسان ہے۔ پاکستان کی عوام تو اتنی معصوم ہے کہ ان کو آپ کسی بھی طریقہ سے گمراہ کر سکتے ہیں۔ ایسی ایسی افواہیں اڑاتے ہیں، فیکٹری کھولی ہوئی ہے اور پھر پورے کا پورا میڈیا ان کو ایسے دکھاتا ہے جیسے یہ بابائے روم بادشاہ سلامت تشریف لا رہے ہیں۔ اگر اس قسم کے بیانیہ دو گے تو بیچاری مظلوم عوام جو پہلے ہی اس عالم میں ہے، عوام کا جینا حرام کر دیا ہے، ان کو لوٹ کر، دھرتی ماں کو اس طرح سے کسی نے نہیں لوٹا جس طرح شریف فیملی نے لوٹا ہے۔ دنیا کے امیر ترین پارک لین میں یہ رہ رہے ہیں۔ اب بھی یہ کہتے ہیں چارٹر فلائٹ کر کے آئیں گے۔ پورا کا پورا خاندان ایک مہینے سے وہاں جا کر بیٹھا ہوا ہے۔ ساری کی ساری پارٹی امیر ترین ہوٹلوں میں رہ رہی ہے۔ ان کو کیا ضرورت پڑی کہ یہ عوام کا حال بھی جانیں کہ یہ کس طرح سے زندہ ہیں۔