لاہور گوجرانوالہ اسلام آباد فیروز والہ قصور پشاور (این این آئی+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران + نمائندہ نوائے وقت) لیسکو اور گیپکو میں کریک ڈا¶ن شروع ہونے کے بعد اب تک کل 18348 غیر قانونی کنکشن پکڑے گئے ہیں۔ جبکہ خیبر پی کے میں گزشتہ سال کے دوران 137 ارب روپے کی بجلی چوری ہوئی ہے۔ ترجمان کے مطابق لیسکو ریجن میں 35روز کے آپریشن کے دوران کل 16520 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔16380 کنکشنز کے خلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جبکہ کل 5153 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک 3کروڑ 41لاکھ 11ہزار 26یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی قیمت مالیت ایک ارب 53کروڑ 23لاکھ 134روپے بنتی ہے۔ 35ویں روز کے آپریشن کے دوران تمام اضلاع میں 490 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی گیپکو ریجن میں مزید 44 افراد بجلی چوری کرتے پکڑے گئے۔ پکڑے گئے بجلی چوروں کی مجموعی تعداد 1828 ہو گئی۔ 1737 کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ بجلی چوروں کو 15 کروڑ 65 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کئے گئے ہیں۔ تحصیل فیروز والا اور شیخوپورہ میں ایڈیشنل سیشن ججوں نے بجلی چوری کے مقدمات میں ملوث 17 افراد کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں کو منظور کر لیا ہے۔ قصور میں بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈا¶ن جاری ہے۔ اب تک بجلی چوری میں ملوث 2809 افراد کیخلاف ایف آئی آرز کا اندراج کیا جا چکا ہے جبکہ 1369 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سیکرٹری توانائی راشد لنگڑیال نے خیبرپختونخوا میں بجلی کی تقسیم و چوری کے حوالے سے نقشہ جاری کر دیا۔ خیبر پختونخواہ میں مالی سال 2022-23 کے دوران بجلی چوری و عدم ادائیگی کی تفصیلات جاری کر دیں۔ خیبرپختونخوا میں پچھلے سال 439ارب روپے کی بجلی فراہم کی گئی۔ سیکرٹری توانائی کا کہنا تھا خیبرپختونخوا میں پچھلے سال 302ارب روپے کے واجبات وصول کئے گئے۔ خیبرپختونخوا میں پچھلے سال 137ارب روپے کی بجلی چوری کی گئی۔ ترجمان پیسکو نے کہا ہے کہ خیبر پی کے میں اب تک 9ہزار 700سے زائد کنڈے ہٹا لیے گئے ہیں۔ گزشتہ روز مزید 183بجلی چور پکڑے گئے، اب تک 43 انڈسٹریل، 15 زرعی اور441 کمرشل غیر قانونی کنکشنز اتار دیے گئے ہیں۔