سرکاری سطح پر یوم یکجہتی فلسطین منانے کا اعلان کیا جائے: طاہر اشرفی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے آج (جمعہ) دنیا بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منانے کی اپیل کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری سطح پر ”یوم یکجہتی فلسطین“منانے کا اعلان کیا جائے اور نگران وزیر اعظم سمیت وزراء کو”یکجہتی ریلیوں اور سیمینارز“میں شرکت کر کے فلسطینی بہن، بھائیوں کو اپنی حمایت کا یقین دلانا چاہیے۔ وزارت خارجہ کو اسرائیلی دہشت گردی پر معذرت خواہانہ رویہ اپنانے کی بجائے فلسطینیوں پر ظلم کے خلاف ماضی کی طرح شدت کے ساتھ آواز اٹھانی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک کی فورسز کو امن دستے کی حیثیت سے فلسطین جانا چاہیے اور اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ امن فورسز بھیجنے کی حمایت کرے۔ فلسطینی مجاہدین نے اسرائیلی ظلم وستم کا جواب دے کر اسرائیل کا غرور خاک میں ملا دیا، ہم ان مجاہدین، غازیوں اور شہداءکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاکستانی قوم کو اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان علماءکونسل کے زیراہتمام جامعہ منظورالاسلامیہ لاہور میں ”یکجہتی فلسطین“ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع مولانا اسد اللہ فاروق، محمد اسلم صدیقی، پیر ابراہیم خلیل، محمد اسلم قادری، قاری مبشر رحیمی، مولانا ابراہیم حنفی سمیت دیگر علماءکرام نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر دی نیشن