اسلام آباد(خبرنگار) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے اسلام آباد میں قطر سفارتخانے کے ناظم الامور عیسی بن محمد الداسم الکبیسی نے پارلیمنٹ ہاوس ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ ادارہ جاتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں باہمی تعلقات میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ قطر کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو اہم سمجھتے ہیں۔دونوں ملکوں نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اوراہم فورمز پر دوطرفہ تعاون ایک دوسرے پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔آئی پی یو، ایشیائی پارلیمانی اسمبلی اور دیگر اہم فورمز پر دونوں ممالک میں مثالی تعاون پایا جاتا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان بالخصوص گوادر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔قطرکے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے استفادہ کر سکتے ہیںچیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ توانائی، انفراسٹرکچر، کان کنی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری سے معاشی سرگرمیوں کو تیز کیا جا سکتا ہے۔مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل کیلئے مسلم ممالک، او آئی سی اور بین الاقوامی برادری کو موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔پاکستان قطر کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مضبوط سیاسی اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ملاقات میں پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے اور اعلی سطحی تبادلوں پربھی اتفاق کیا گیا قطر سفارتخانے کے ناظم الامور عیسی بن محمد الداسم الکبیسی نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے بھر پور فائدہ اٹھایا جائے گا۔دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دے کر مزید بہتری لائی جاسکتی ہے۔پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہش مند ہیں۔
مسلم ممالک مسئلہ کشمیر ‘فلسطین کے حل کیلئے موثر کردار ادا کریں ، صادق سنجرانی
Oct 13, 2023