لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعلی پنجاب و نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف نے مسلم لیگ ن سیکرٹیریٹ ماڈل ٹاو¿ن میں وکلاءبرادری کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ21 اکتوبر کے دن پاکستان میں خوشحالی اور ترقی کا سورج طلوع ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سب نواز شریف کے ورکر ہیں اور ہم اپنے قائد کا بھرپور استقبال کریں گے۔ حمزہ شہباز شریف نے مزید کہا کہ نواز شریف نے اس ملک میں موٹرویز کا جال بچھایا، ایٹم بم دیا اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا۔ پاک چین راہداری کا ذکر کرتے ہوئے سابق وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اس ملک کی معاشی ترقی کی تعمیر نو کی بنیاد ڈالتے ہوئے اربوں ڈالر کا سی پیک تحفے میں دیا اور اب عوام کی امید نواز شریف کے اپنے وطن میں قدم رکھنے سے مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت کا خاتمہ ہو گا۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ نواز شریف پاکستان کی ترقی کا سلسلہ جہاں سے ٹوٹا تھا وہیں سے شروع کریں گے۔