لاہور + ساہیوال(نوائے وقت رپورٹ‘ نمائندہ نوائے وقت‘نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اکبر چوک فلائی اوورز منصوبے کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے یو ٹرنز کو ٹریفک کے لیے مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اورکہا کہ ون وے ٹریفک کی خلاف ورزیاں روکنے کیلئے یوٹرنز پر ٹائر برسٹ لگائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند کی جائیں گی۔ ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بہت بڑی مہم چلائی جائے گی۔ بیشتر حادثات ون وے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی وجہ سے پیش آتے ہیں۔ ٹریفک حادثات کی وجہ سے سینکڑوں لوگ مر رہے ہیں، اب سختی کرنا پڑے گی، ہم اپنا کام مکمل کر کے چلے جائیں گے۔ منصوبے کی تکمیل سے وحدت روڈ سے پیکو روڈ تک کا راستہ سگنل فری ہو جائے گا۔ اکبر چوک سے ٹاو¿ن شپ جانے والی روڈ کی اپ گریڈیشن کررہے ہیں۔ میرے ساتھ کام کرنے والی ٹیم بہت محنتی ہے۔ جو بھی حکومت آئے گی انہیں بھی ایسے محنتی لوگوں کی ضرورت ہوگی۔ پنجاب بھر کے 750تھانوں کی حالت بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ جو کام ہمارا ہے ہم کریں گے لیکن پولیس کو اپنا رویہ بہتر بنا کر امیج ٹھیک کرنا ہے۔ لاہور کی سٹریٹ لائٹس کے بارے میں جلد اقدامات کیے جائیں گے۔ گجرات میں ہسپتال کی حالت بہت خراب تھی۔ دوسری جانب پنجاب ہائی ویز پٹرولنگ پولیس کو 19 سال بعد پٹرولنگ کیلئے 313 گاڑیاں مل گئیں۔ وزیراعلیٰ نے نئی گاڑیوں کی چابیاں اور یونیفارم دیا۔ پنجاب ہائی ویز پٹرولنگ پولیس کو ایکسل لوڈ چیک کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائی تو یہ پنجاب پولیس اور ٹریفک پولیس سے آگے جائے گی۔ پولیس کے خدمت مراکز بھی کام کر رہے ہیں‘ لیکن اس کے ساتھ ہمیں تھانہ کلچر کو بھی تبدیل کرنا ہے۔ تھانے میں عام آدمی کو انصاف دینا ہے۔ لاہور جیسے شہر میں بھی تھانوں کی اپنی عمارت نہیں۔ میں نے سمن آباد تھانے کا دورہ کیا۔ وہاں انسان کا رہنا محال ہے۔ حکومت پٹرولنگ پولیس کو پورا سپورٹ کرے گی۔ پولیس کا فرض ہے کہ وہ عوام کے ساتھ اچھے سلوک سے پیش آ ئیں اور انہیں انصاف دیں۔ محسن نقوی نے مزار بی بی پاکدامن کا دورہ کیا اور مزار کے تزئین و آرائش اور توسیعی منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے میانوالی کے علاقے واں بھچراں کے قریب گاڑی نہر میں گرنے سے لوک گلوکار شرافت علی سمیت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب محسن نقوی نے دورہ ساہیوال میں ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں 180 بیڈ کارڈیالوجی سنٹر بنانے کا اعلان کیا۔ ساہیوال پاکپتن روڈ اور ساہیوال بائی پاس کی تعمیر مکمل کرنے کیلئے بالترتیب 2 ارب 40 کروڑ مزید جاری کرنے کا اعلان کیا۔ شہر سے گزرنے والی اولڈ جی ٹی روڈ کی تعمیر و توسیع کا منصوبہ شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ‘ میڈیکل وارڈ 3 اور کارڈیالوجی بلاک کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دے رہی اور صحت و تعلیم اور ذرائع آمدورفت کی بہتری کے منصوبوں کیلئے خطیر فنڈز خرچ کر رہی ہے۔
لاہور میں ون وے کی خلاف ورزی پر گاڑیاں، موٹرسائیکلیں بند ہوں گی: محسن نقوی
Oct 13, 2023