لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مریم نواز نے کہا کہ ملک و قوم کو زخم لگتے ہیں اور ہر بار نواز شریف آکر مرہم رکھتا ہے۔ این اے 126 اور این اے 130 کی یونین کونسلوں کے چئیرمینوں، کونسلروں اور کارکنوں نے ملاقات کی۔ مریم نواز نے 21 اکتوبر کی تیاریوں پر مشاورت کی۔ نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے کہا نواز شریف نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا تھا، بین الاقوامی اور داخلی مسائل میں گھرے پاکستان کو بچایا تھا، پاکستان کو دنیا کا ساتواں اور اسلامی دنیا کا پہلا ایٹمی ملک بنایا۔ نواز شریف کو دھمکی اور لالچ دی گئی لیکن انہوں نے پاکستان کے دفاع اور وقار پر سمجھوتہ نہ کیا۔ نواز شریف نے کہا تھا کہ پاکستانی آزاد ہیں اور آزاد رہیں گے، ہمیں غلامی کی زندگی قبول نہیں۔ مشکلات میں گھرے پاکستان کو آج پھر نواز شریف کی ضرورت ہے۔ ملک وقوم سے وعدے نبھانا اور مشکلات سے نکالنا ہی نواز شریف کی روایت ہے۔ نواز شریف ایک بار پھر عوام اور ملک کو بچانے واپس آرہا ہے۔ ایٹمی قوت پاکستان کو معاشی قوت بنائیں گے۔ یہی ایجنڈا پورا کرنے نواز شریف آرہا ہے۔ نواز شریف قوم کو معاشی قوت بنائے گا، عوام نواز شریف کو دو تہائی ووٹ دیں، نواز شریف آپ کو مہنگائی سے نجات دلائے گا۔ عوام نواز شریف کا ساتھ دیں کیونکہ ہمیشہ نواز شریف نے عوام کا ساتھ دیا ہے۔