اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) قطر کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل (پائلٹ) سالم حمد عقیل النبیت نے جی ایچ کیو میں سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق جمعرات کو ہونے والی اس ملاقات میں باہمی اور پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاک فوج بھی قطر کی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون بڑھانے کی خواہاں ہے۔ معزز مہمان نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک فوج کی مسلسل کوششوں کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کے لیے کام جاری رکھنے کا عہد کیا۔
قطری چیف آف سٹاف کی ملاقات: پاک فوج قطر کیساتھ دفاعی، سکیورٹی تعاون بڑھانا چاہتی ہے: آرمی چیف
Oct 13, 2023