کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+سٹاف رپورٹر) کراچی ایئرپورٹ کے قریب خودکش بم دھماکے کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ سی ٹی ڈی کی ابتدائی رپورٹ میں خودکش دھماکے کو پاکستان اور چین کے تعلقات خراب کرنے کی سازش قرار دیا گیا ہے۔ کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ابتدائی رپورٹ انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کر دی۔ رپورٹ کے مطابق خودکش دھماکے میں بلوچستان لبریشن آرمی کو ملوث قرار دیا گیا۔ دہشت گردوں نے ملک دشمن غیر ملکی خفیہ ایجنسی کی مدد سے دھماکہ کیا۔ نامعلوم دہشت گرد نے اپنی گاڑی کو چائنیز باشندوں کی کانوائے کی گاڑیوں کے قریب لا کر بلاسٹ کیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ خودکش دھماکہ آؤٹر ٹرمینل جناح انٹرنیشنل ٹرمینل کے قریب سی اے اے گارڈ روم کے سامنے ہوا۔ پولیس دھماکے کی آواز سن کر موقع پر پہنچی اور دیکھا کہ پولیس، رینجرز و دیگر افراد زخمی حالت میں موجود تھے۔ دھماکے میں دو چینی باشندے لی جون اور سن ہوازین سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق دھماکے میں وقار، الیاس، نعیم، رانو خان، عظیم، طارق، علی، حمزہ، صبیح سمیت 12 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ خودکش دھماکے کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن آرمی نے قبول کر لی ہے۔ سی ٹی ڈی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دھماکے میں 15 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوئیں۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ ایئرپورٹ کے ایس ایچ او کی مدعیت میں سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ قتل، اقدام قتل، حملہ، دھماکہ خیز مواد، دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔