فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) مہندی کی تقریب کے دوران پولیس اہلکاروں پر تشدد اور وردیاں پھاڑنے کا معاملہ، ماموں کانجن پولیس نے مبینہ طور پر 5 لاکھ کے عوض 2 افراد پر آتش بازی اور ہلڑ بازی کی ویڈیو وائرل کرنے کا مقدمہ درج دبا دیا۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ رات بنگلہ چوک کے قریب شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کی اطلاع پر پولیس نے چھاپہ مارا تو شادی کے منتظمین اور مہمانوں کی پولیس کے ساتھ ہاتھا پائی شروع ہو گئی اور تقریب کے شرکاء نے اے ایس آئی جمیل بابر کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ انچارج انویسٹی گیشن شفیق سمیت دیگر اہلکاروں کی وردیاں پھاڑ ڈالیں، جس کے بعد پولیس نے موقع سے 6 افراد کو حراست میں لے کر تھانہ منتقل کیا تو شادی کی تقریب میں آئے درجنوں افراد نے تھانہ ماموں کانجن کا گھیراؤ اور پتھرائو کیا۔ ذرائع کے مطابق ماموں کانجن پولیس نے رات گئے مبینہ طور پر 5 لاکھ وصول کر کے پولیس پر تشدد، وردیاں پھاڑنے اور تھانہ کا گھیراؤ کر کے پتھرائو کرنے والے تمام افراد کو کلین چٹ اور گرفتار 6 افراد کو باعزت رہا جبکہ ابو انس اور عاشق مقبول نامی 2 افراد کے خلاف آتش بازی اور ہلڑ بازی کرنے کی ویڈیو وائرل کرنے کا مقدمہ درج کر کے معاملہ دبا دیا۔
ماموں کانجن: مہندی تقریب میں اہلکاروں پر تشدد‘ 5 لاکھ روپے مبینہ ’’ودھائی‘‘ سے معاملہ ٹھپ
Oct 13, 2024