لاہور(خصوصی نامہ نگار)تحریک دعوت توحید کے مرکزی قائدمیاں محمدجمیل نے جامع أبی ہریرہؓ کریم بلاک اقبال ٹاؤن میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا عقیدہ توحید اورتحفظ ختم نبوت کیلئے امت سربکف ہے۔ شعائر اسلام کے دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ معاشرے کی اصلاح اورانقلاب کیلئے رسول کریمؐ کی سیرت طیبہ سے مکمل رہنمائی حاصل کی جائے ۔ سیرت طیبہ زندگی کے ہرشعبے میں مکمل رہنمائی کرتی ہے ۔ عقیدہ ختم نبوت اورمحبت رسولؐ کا تقاضاہے کہ اللہ تعالیٰ کی رضاوخوشنودی کے حصول اور دنیاوآخرت میں کامیابی کیلئے صرف اورصرف سیدالأنبیاء حضورنبی کریمؐ کے ساتھ تعلق کومضبوط سے مضبوط تربنایا جائے کیونکہ رب کائنات نے کائنات ارضی پرجس ذات پاک کی اقتدا وپیروی کا حکم دیاہے۔ وہ صرف رسول کریمؐ ہی ہیں۔ عقیدہ ختم نبوت سے وابستگی اوراظہارمحبت رسولؐ کے تقاضے بھی یہی ہیں۔
عقیدہ توحید اورتحفظ ختم نبوت کے لیے امت سربکف:میاں جمیل
Oct 13, 2024