جماعت اسلامی پر پابندی،بھارتی جمہوریت،عدلیہ کا مکروہ چہرہ بے نقاب:لیاقت بلوچ 

لاہو ر(خصوصی نامہ نگار) نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے منصورہ لاہور میں سیاسی مشاورتی اجلاس اور کشمیر طلبہ کے وفد سے گفتگو میںکہا مقبوضہ کشمیر جماعت اسلامی پر بھارتی سرکار نے غیرآئینی، غیرجمہوری اور بنیادی انسانی حقوق سے سراسر متصادم اقدام کرتے ہوئے پابندی عائد کی جس کی بھارتی عدلیہ نے ناحق توثیق کردی۔ اس سے بھارتی جمہوریت اور عدلیہ کا مکروہ چہرہ ایک مرتبہ پھر بے نقاب ہوگیا۔ مقبوضہ کشمیر میں ناجائز قابض بھارتی فوج کی دہشت گردی جاری ہے۔ گذشتہ چند دِنوں میں 22 کشمیریوں کو شہید کردیا گیا۔ کشمیری قیادت اور ہزاروں عام شہری پہلے ہی جیلوں میں ہیں مزید 700 سے زائد کارکنان گرفتار کرکے عقوبت خانوں میں ڈال دئیے گئے ہیں۔ وادی کشمیر میں کالے قوانین نافذ ہیں۔ بھارت جموں و کشمیر کے بڑے حصہ پر ناجائز قابض ہے۔ بھارتی لیڈرشپ، دانش وروں اور پالیسی سازوں کو اپنا ظالمانہ، غیر انسانی اور سنگ دلی پر مبنی روِش ترک کرنی ہوگی۔ لیاقت بلوچ نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ یکجہتی فلسطین آل پارٹیز کانفرنس کی طرح یکجہتی کشمیر کانفرنس فوری طور پر بلائی جائے اور مسئلہ کشمیر پر دوٹوک اور واضح قومی حکمت عملی بنائی جائے۔ فلسطین اور کشمیر کے مسائل حل ہونے سے ہی مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں استحکام آئے گا۔

ای پیپر دی نیشن