لاہور( نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان ہارس اینڈ مانٹڈ آرچری فیڈریشن کے نیشنل نیزہ بازی ججز کیلئے منعقدہ ٹریننگ کورس کے شرکا نے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہمارے روایتی کھیل پاکستان کی پہچان ہیں اور ان کھیلوں سے وابستہ نوجوانوں نے عالمی سطح پر متعدد بار ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔ معاشرے میں کھیلوں جیسی سرگرمیوں کا فروغ نوجوانوں کی جسمانی اور ذہنی صحت کیلئے بہت ضروری ہے۔ گورنر پنجاب نے دیسی نیزہ بازی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا پنجاب کی ثقافت سے جڑے روایتی کھیل بحال ہونے چاہئیں اور اس سلسلے میں گورنر ہاوس سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرنیوالے کھلاڑی قوم کے ہیرو اور ملک کا اثاثہ ہیں۔ ڈائریکٹر نیزہ بازی سردار زادہ حسین عباس ، ڈائریکٹر آپریشنز علی فواد اور سابقMPA ، نیزہ بازی جج ملک خرم گھیبہ نے گورنر پنجاب کو فیڈریشن کی کارکردگی پرتفصیلی بریفننگ دی۔گورنر پنجاب نے فیڈریشن کی کوششوں کو سراہا اور ججز میں اسناد تقسیم کیں۔ روس میں سلور اور کانسی کے تمغے جیتنے والے محمد اسد اور محمد ارحم جبکہ قازقستان میں پاکستان کی نمائندگی کرنیوالے ارشق نعیم اور اورنگزیب مبشر کو پاکستان کلر سے نوازا گیا۔
سردار سلیم حیدر خان سے نیشنل نیزہ بازی ججز کیلئے ٹریننگ کورس کے شرکا کی ملاقات
Oct 13, 2024