لاہور(نیوز رپورٹر) یورالوجی سے متعلق ہر قسم کی بیماریوں کا علاج لاہور جنرل ہسپتال میں پروفیسر ڈاکٹر خضر حیات گوندل کی سربراہی میں روائتی سرجری کی بجائے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کیے جا رہے ہیں۔ گردہ ومثانہ کے غدود،پتھری اور کینسر زدہ حصے کے آپریشنز بھی اس طریقہ کار پر ہونے سے شہریوں کو خاطر خواہ ریلیف مل رہا ہے جو ایک خوش آئند امر ہے۔ نوجوان ڈاکٹرز یورالوجی اور نیفرالوجی میں سپیشلائزیشن کریں تاکہ امراض گردہ مثانہ کی روک تھام اور مریضوں کی بہتر انداز میں نگہداشت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ایسوسی ایشن آف یورالوجیکل سرجنز کے سابق صدر ڈاکٹر ممتاز احمد نے ’’پاز لاہور چیپٹر‘‘ اور پی جی ایم آئی کے ہیلتھ ایجوکیشن پروگرام کے تحت لاہور جنرل ہسپتال میں نو جوان یورالوجسٹس کیلئے منعقدہ 2 روزہ تربیتی کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔