لاہور(خبرنگار) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ لاہور کی گزشتہ 3 دنوں میں گراں فروشی پر بڑی کارروائیاں،مسلسل گرفتاریاں، مقدمات کا اندراج و جرمانے عائد۔ گزشتہ 3 دنوں میں 1999 مقامات کی چیکنگ کی گئی۔ ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے کہا 10 مقدمات کا اندراج، 13 گرفتاریاں، 3 دکانیں سیل اور 403 خلاف ورزیوں پر 30 لاکھ 29 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ ڈی سی لاہور نے کہا میگا سٹوروں، کریانہ سٹوروں اور دکانوں پر سرکاری نرخوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کیلئے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں۔جبکہ شہر میں غیر قانونی پارکنگ مافیا کیخلاف بلدیہ عظمیٰ لاہور کا گھیرا تنگ،اسید موسیٰ رضا کی ہدایت پر شہر بھر میں اوورچارجنگ اور غیر قانونی پارکنگ مافیا کیخلاف سخت کارروائیاںجاری ہے۔چوک یتیم خانہ میں 2 مقامات پر ایک غیر قانونی پارکنگ پوائنٹ اور ایک پر لی پارکنگ کی جانب سے اوورچارجنگ پائی گئی ہے۔ چیف آفیسر شاہد عباس کاٹھیا کی زیر نگرانی اقبال زون میں طویل عرصے سے قائم جھگیوں کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ اقبال زون میں 4 جھگیوں کے پوائنٹس کا خاتمہ یقینی بنایا گیا۔ سید موسیٰ رضا نے کہا خانہ بدوشوں کو خالی پلاٹوں سے جھگیاں ختم کرنے کی حتمی وارننگ کے بعد آپریشن کیا جارہا ہے۔