ملکی ترقی کیلئے تاجروں ، صنعتکاروں کی معاونت کرناہوگی: رانا صدیق

گو جرانوالہ(نمائندہ خصوصی )گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے صدررانا صدیق خاں نے کہا کہ ملک و قوم کوترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے  لئے حکومت کوتاجروں اور صنعتکاروں کی تمام شعبوں میں معاونت کرناہوگی۔گوجرانوالہ چونکہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کا حب ہے حکومت کو چاہیے کہ چھوٹے تاجروں صنعتکاروں اور بے روزگار نوجوانوں کو بلا سود آسان اقساط پر قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنائے۔انہوں نے مزید کہا کہ گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس بزنس کمیونٹی کو سہولیت کیلئے مختلف ہیلپ ڈیسک کا قیام کو یقینی بنا رہا ہے جس سے ممبران کو ہر شعبہ میں سہولیات میسر آئیں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سنی تحریک گوجرانوالہ سے آئے قائدین و علما کرام کے وفد سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس کے کاروبار ی لوگ مختلف مدارس میں کمپیوٹرلیبز قائم کرنے جا رہی ہے جس کا مقصد طلبا و طالبات دینی تعلیم کے ساتھ انہیں ہنرمندی بھی سکھائی جائے۔کمپیوٹر لیب بنانے کا یہ سلسلہ پہلے 7مدارس سے شروع کیا جائے گا بہت جلد تمام مدارس میں کمپیوٹرلیب بنائی جائیں گی۔پاکستان سنی تحریک گوجرانوالہ کے مرکزی رہنما محمد زاہد حبیب قادری نے وفد کی قیادت کرتے ہوئے صدر چیمبر آف کامرس رانا محمد صدیق خاں اور دیگر نو منتخب عہدے داران کو مبارکباد اور گلدستہ پیش کیا۔

ای پیپر دی نیشن