شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)ضلعی انتظامیہ مارکیٹ کمیٹی اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی عدم توجہی و نااہلی کے باعث شہر اور گرد و نواح کی آبادیوں میں مرغی کے گوشت کے ساتھ ساتھ بڑے اور چھوٹے گوشت کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے ہیں گوشت کے آسمان سے باتیں کرتے نرخوں نے عام شہری کیلئے گوشت کی خرید ناممکن بنا دی ہے چھوٹا گوشت 22سو سے 25 سو روپے، بڑا گوشت 1ہزار سے 12سو روپے جبکہ مرغی کا گوشت بعض علاقوں میں 7 سو روپے سے تجاوز کرچکا ہے حالانکہ سرکاری طور پر جاری کی جانیوالی فہرستوں میں چھوٹے گوشت کی فی کلو قیمت 15سو روپے بڑے گوشت کے نرخ فی کلو ساڑھے 7سو روپے اور مرغی کے گوشت کی قیمت فی کلو 595روپے مختص کی گئی ہے مگر گراں فروش قصابوں کے خلاف کاروائیوں کے فقدان کے باعث گوشت کی تینوں اقسام کے نرخ آسمان سے باتیں کررہے ہیں جبکہ اکثریتی قصاب لاگر اور بیمار جانوروں کا گوشت فروخت کررہے ہیں۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور گراں فروش قصابوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاہم ضلعی انتظامیہ کے ذرائع نے گراں فروشی کی روک تھام کیلئے کاروائیوں سے گریز برتنے کے الزام کی تصدیق نہ کی ہے۔
شیخوپورہ: انتظامیہ کی عدم توجہی ‘ گوشت کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ
Oct 13, 2024