ننکانہ صاحب ( نمائندہ نوائے وقت) گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین واربرٹن میں بی ایس کی کلاسز کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ رکن صوبائی اسمبلی مسلم لیگ (ن)رانا محمد ارشد نے واربرٹن کالج میں بی ایس پروگرام کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد ارشد، کالج پرنسپل بلقیس اختر، کالج سٹاف، علاقہ کے معززین اور طالبات کی بڑی تعداد تقریب میں شریک تھی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے رکن صوبائی اسمبلی رانا ارشد کا کہنا تھا کہ ہم واربرٹن شہر اور ننکانہ ضلع بھرکی ترقی کے مشن پر گامزن ہیں مسلم لیگ ن کی موجودہ حکومت میں تعلیم کے شعبہ میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ رانا محمد ارشدنے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب مسلم لیگ (ن) کی خدمت کی میراث کو آگے بڑھا رہی ہیں ،مریم نواز 30 ہزار طلبا کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے سکالر شپ مہیا کر رہی ہیں اور آئندہ مہینے حکومت پنجاب40 ہزار طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کرے گی۔