لاہور (کامرس رپورٹر) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور گولڈن رنگ اکنامک فورم کے زیر اہتمام ’’ایس سی او اور پاکستان کے اقتصادی مفادات‘‘ کے موضوع پر گول میز کانفرنس کا انعقاد ایف پی سی سی آئی کے ریجنل آفس لاہور میں ہوا۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ اور ریجنل چیئرمین اور نائب صدر ذکی اعجاز نے کہا یہ کانفرنس شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کے کردار کو آگے بڑھانے اور ہمارے علاقائی اقتصادی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے مضبوط، اجتماعی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک اجتماعی طور پر دنیا کی آبادی اور زمینی رقبے کے ایک اہم حصے کی نمائندگی کرتے ہیں۔ وہ قدرتی وسائل سے بھی مالا مال ہیں۔ بڑی مزدور قوتیں ہیں اور علاقائی تجارت، توانائی کی فراہمی اور جغرافیائی سیاسی استحکام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔