لاہور (سپورٹس رپورٹر )سابق ٹیسٹ فاسٹ بائولر شعیب اختر نے بھی انگلینڈ کے ہاتھوں ملتان ٹیسٹ میں بدترین شکست پر کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ پاکستانی ٹیم میں موجود کرکٹرز ملک کی نمائندگی کرنے کے قابل نہیں، آپ جو بو رہے ہیں وہی کاٹ رہے ہیں۔ کھیل میں ہار جیت ہوتی ہے لیکن انگلینڈ کی ہوم گنڈیشنز میں آپ کیخلاف 800 سے زائد رنز بنارہی ہے، بنگلہ دیش آپ کو سیریز میں شکست دے کر جارہا ہے، یہ نہایتی مایوس کن صورتحال ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پر زور دیا کہ وہ ملک میں کرکٹ کی بہتری کیلئے سخت اقدامات اٹھائیں، شائقین کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کو ڈبلیو ٹی سی سے دستبردار ہونا چاہیے۔آئی سی سی ضرور سوچ رہا ہوگا کہ کیا ہمیں ٹیمیں پاکستان بھیجیں اور ان کے ٹیسٹ سٹیٹس کو برقرار رکھیں، اسی کرکٹ سے پاکستانی فینز دور ہورہے ہیں۔