پیرس(این این آئی)یورپی یونین نے غزہ اور لبنان دونوں علاقوں میں فوری جنگ بندی کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا ہے جب کہ فرانسیسی صدر نے ایک بار پھر اسرائیل کو اسلحہ کی سپلائی بند کرنے پر زور دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانس کے صدارتی محل ایلیسی پیلس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ صدر عمانویل ماکروں نے اسرائیل کو اسلحہ کی سپلائی بند کرنے پر زور دیا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ غزہ اور لبنان میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں کی برآمدات کو روکنا ہی تنازع کو روکنے کا واحد راستہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہتھیاروں کی فراہمی موجودہ کشیدگی کی بڑی وجہ ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فرانس یہ بات قبول نہیں کرے گا کہ اسرائیلی فوج جان بوجھ کر دوبارہ لبنان میں اقوام متحدہ کے فوجیوں کو نشانہ بنائے۔ انہوں نے کہا کہ آج یونیفل کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا ہے اور یہ دوبارہ نہیں ہونا چاہیے۔