ظفروال: حوالات میں نوجوان کی ہلاکت‘ ورثاء کا احتجاج‘ روڈ بلاک

Oct 13, 2024

ظفروال (نامہ نگار) تھانہ ظفروال کی حوالات میں نوجوان ہلاک ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے چند روز پہلے نواحی گاؤں سکندر پور کے رہائشی ذیشان عرف شانی کو منشیات فروشی کے جرم میں گرفتار کیا تھا اور ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 1439/24 درج کر لیا۔ گذشتہ روز ملزم ذیشان کی طبیعت خراب ہونے پر اس کو فوری طور پر THQ ہسپتال پہنچایا گیا مگر وہ جان کی بازی ہار گیا جبکہ ملزم ذیشان کے لواحقین کا کہنا ہے کہ ہمارے بیٹے پر پولیس نے بہیمانہ تشدد کیا۔ زیادہ تشدد ہونے پر ہمارا بیٹا جان کی بازی ہار گیا۔ بعدازاں اہلیان دیہہ اور لواحقین نے ظفروال ختم نبوت چوک میں احتجاج کیا اور روڈ بلاک کر دی اور وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے اپیل کی کہ ہلاکت کا نوٹس لیا جائے اور اس کی جوڈیشل انکوائری کی جائے اور ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

مزیدخبریں