پی ٹی آئی‘ طالبان ایک سکے کے دو رخ،  ترقی و خوشحالی کے دشمن: عظمٰی بخاری 

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور طالبان ایک سکے کے دو رخ، پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں۔ تحریک فساد نے ریاست کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے۔ اس کے ساتھ وہی سلوک ہوگا جو جنگ میں دشمن سے کیا جاتا ہے۔ پی ٹی آئی نے اپنے پارلیمنٹیرینز کو اغوا کر کے کے پی کے میں محبوس کر رکھا ہے۔ پی ٹی آئی فاشسٹ جماعت ہے، اپنے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں بشمول میڈیا اور عدلیہ کو ملک دشمنوں کے خلاف یک زبان ہونا پڑیگا۔ تحریک فساد سے جان چھڑائے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ اس بار کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، احتجاج کی کال دے کر انھوں نے اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ لوگ حکومت میں تھے تو انکا فون تک کوئی نہیں اٹھاتا تھا۔ اب بارہ ممالک کے سربراہان پاکستان آ رہے ہیں تو ان کو تکلیف ہو رہی ہے۔ کبھی یہ بھارت کے وزیر خارجہ کو اپنے احتجاج میں بلاتے ہیں تو کبھی اسلام آباد کو بند کرنے کی دھمکیاں دیتے ہیں۔ ملکی ترقی ان سے ہضم نہیں ہو رہی۔ ان کا کپتان آج ملکی ترقی و خوشحالی، مہنگائی میں کمی، خارجہ پالیسی، امن اور استحکام کے خلاف ڈٹ کر کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا سیکرٹری اطلاعات خفیہ جگہ سے یلغار کا اعلان کرتا ہے۔ خود یہ لوگ ورک فرام ہوم کر رہے ہیں اور پولیس کے ڈنڈے کھانے کے لئے چھوٹے بچے آگے کر دیتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن