پی ٹی آئی نے 15 اکتوبر کا احتجاج ملتوی کرنے کیلئے عمران خان سے ملاقات کی شرط رکھ دی

Oct 13, 2024 | 14:35

 پاکستان تحریک انصاف نے 15 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہونے والا احتجاج منسوخ کرنا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے مشروط کردیا۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طویل مشاورت کے بعد ختم ہو گیا، اجلاس کی صدارت سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کی۔ پارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ دوران اجلاس پارٹی کے بعض اراکین نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے باعث احتجاج ملتوی کرنے کی تجویز دی جبکہ شہباز گل اور خالد خورشید سمیت دیگر اراکین نے احتجاج ملتوی کرنے کی مخالفت کی۔کور کمیٹی اراکین کا کہنا تھا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی حکومت کی سوچی سمجھی سازش ہے۔پی ٹی آئی کور کمیٹی نے 15 اکتوبر کا احتجاج ملتوی کرنا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے مشروط کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی صحت بارے پریشانی لاحق ہے۔ کور کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ 14 اکتوبر تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی صورت میں احتجاج ملتوی کر دیں گے،ڈاکٹر، وکیل یا کسی بھی پارٹی رہنما کی بانی سے ملاقات کرا دی گئی تو احتجاج ملتوی کر دیا جائے گا، ملاقات نہ کرائی گئی تو 15 اکتوبر کو بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

مزیدخبریں