ضلع کرم میں دو قبائل کے تصادم میں جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہوگئی

صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع کرم میں دو قبائل کے تصادم میں جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہوگئی، زخمیوں میں مزید 7 افراد کا اضافہ ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈپٹی کمشنر ضلع کرم جاوید اللہ محسود نے بتایا کہ قبائل کے درمیان فائرنگ کا واقعہ کنج علی زئی میں پیش آیا جہاں ابتدائی طور پر واقعے میں 11 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے، فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو ہسپتالوں میں پہنچایا گیا، علاقے میں حالات معمول پر لانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ علاقے ضلع کرم میں پہلے بھی اس قسم کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جہاں گزشتہ ماہ قبائل کے درمیان ہونے والے تصادم سے لوگوں کا نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا، ستمبر میں کرم کے مختلف مقامات میں قبائل کے درمیان جھڑپوں کے باعث پاراچنار پشاورشاہراہ سمیت آمدو رفت کے دیگر راستے بند ہوئے، ضلع میں کشیدہ صورتحال کے باعث تعلیمی ادارے بھی ایک ہفتہ سے زائد بند رہے۔ معلوم ہوا کہ کشیدہ صورتحال سے پاراچنار مین شاہراہ اورپاک افغان خرلاچی بارڈر بھی کئی روز بند رہے، مین شاہراہ اوربارڈر کی بندش سےلوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پرا، علاقے میں اشیائے خورد و نوش، ادویات، فیول اور دیگر روزمرہ استعمال کی چیزوں کی قلت پیدا ہوگئی تھی۔

ای پیپر دی نیشن