چینی وزیراعظم لی چیانگ کل اپنے 3 روزہ سرکاری دورے پراسلام آباد پہنچیں گے۔ذرائع کے مطابق چینی وزیراعظم لی چیانگ 3 روزہ سرکاری دورے میں ایس سی او سربراہان حکومت کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ نورخان ایئر بیس آمد پر وزیراعظم شہباز شریف اپنے چینی ہم منصب کا استقبال کریں گے، جبکہ چینی وزیراعظم کے ساتھ اعلیٰ سطح کا وفد بھی اسلام آباد آئے گا۔ذرائع نے بتایا کہ اس دورے کے دوران پاک چین وزرائے اعظم کے درمیان دو طرفہ ملاقات اور وفود کی سطح پر بات چیت ہوگی. اس کے علاوہ وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں دونوں وزرائے اعظم باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین سی پیک کے اگلے مرحلے اور جاری منصوبوں پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیں گے، پاکستان اور چین کے درمیان دونوں وزرائے اعظم کی موجودگی میں 16 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ چینی وزیراعظم اسلام آباد سے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح کریں گے، اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف چینی ہم منصب کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے، جبکہ صدرمملکت کی جانب سے وزیراعظم لی چیانگ کے اعزاز میں عشائیہ دیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق 16 اکتوبر کو چینی وزیراعظم ایس سی او سمٹ میں اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔
چینی وزیراعظم لی چیانگ کل 3 روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے
Oct 13, 2024 | 16:20