شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے غیر ملکی وفود کی آمد جاری ہے بھارت اور روس کے سرکاری وفود پاکستان پہنچ گئے۔پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے 26 ویں سربراہی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ یہ اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں تمام رکن ممالک شرکت کریں گے۔ایس سی او اجلاس میں شرکت کے لیے غیر ملکی وفود کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق بھارت کا چار رکنی اور روس کا 76 رکنی وفد بھی پاکستان پہنچ گیا ہے۔اس کے علاوہ چین کا 15 رکنی، کرغیزستان کا 4 اور ایران کا دو رکنی وفد بھی پاکستان پہنچ گیا ہے جب کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے 7 نمائندے بھی آ چکے ہیں۔پاکستان نے ایس سی او سمٹ کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں۔ غیر ملکی وفود کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فوج نے ذمے داریاں سنبھال لی ہیں جب کہ پولیس کی بھی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر جڑاوں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں میٹرو بس سروس بند رہے گی۔ اس کے علاوہ سرکاری ونجی دفاتر، تعلیمی اداروں میں تین روز کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔اجلاس کے موقع پر اسلام آباد میں تمام دکانیں، تجارتی مراکز اور مارکیٹیں بند رہنے کے ساتھ تین روز کے لیے تمام شادی ہالز بھی بند رہیں گے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرائے جانے پر 15 اکتوبر کو اسلام آباد آنے اور احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا قیام 2001 میں عمل میں لایا گیا تھا۔ اس کو چین، روس، ازبکستان، تاجکستان، کرغیزستان، قازقستان نے مل کر قائم کیا تھا. بعد ازاں 10 جولائی 2015 کو اس تنظیم میں پاکستان اور بھارت کو بھی شامل کیا گیا جب کہ ایران گزشتہ سال اس کا مکمل ممبر بنا ہے۔