ذرائع کے مطابق امریکی ایئرفورس کے یہ طیارے کرغستان سے پرواز کرکے سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈنگ کرتے ہیں،طیارے کا عملہ جن میں عام طور پر ایک میجر رینک کا افسربھی شامل ہوتا ہے ائیرپورٹ کے کارگو سیکشن اور حساس مقامات پربغیرکسی روک ٹوک آتا جاتا ہےجبکہ یہاں سیکیورٹی پر تعینات اے ایس ایف کے اہلکارخاموش تماشائی بنے رہتے ہیں۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکن ائیرفورس کےعملےکے پاس سفری دستاویزات بھی نہیں ہوتیں۔ دوسری طرف ائیرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ امریکن ائیرفورس کے طیارے سیلاب زدگان کو امدادی سامان کی سپلائی کیلئے استعمال کیئے جارہے ہیں اورطیاروں کے عملے کو ائیرپورٹ کی حدود سے باہر نکلنے اور حساس مقامات میں آنے جانےکی اجازت نہیں ہے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکرہےکہ حکومت نے کچھ عرصہ قبل سیکیورٹی خدشات کے پیش نظرسیالکوٹ ایئرپورٹ پر امریکی حکام کی آمد پر پابندی عائد کی تھی۔