کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ  کے  نتیجے میں سیاسی جماعت کے ایک کارکن سمیت سات افراد ہلاک اور گیارہ  زخمی ہو گئے۔

Sep 13, 2010 | 09:26

سفیر یاؤ جنگ
پولیس کے مطابق کورنگی کے علاقے گلزار کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سیاسی جماعت کا کارکن پچیس سالہ آصف خان صحبت جبکہ سہراب گوٹھ  میں بینک افسر عبدالحمید جان بحق ہوگیا۔ لیاری گلستان کالونی میں دو گروپوں کے درمیان تصادم اور فائرنگ کے نتیجے میں حامد اور فاروق ہلاک جبکہ عبدالسلام عمردراز اور سراج سمیت چھہ افراد زخمی ہوگئے ۔ واقعے کے بعد مشتعل افراد نے لیاری کے مختلف علاقوں میں ہنگامہ آرائی اور جلاؤگھیراؤ کرتے ہوئے ایک گھر اور پانچ موٹرسائیکلوں کو نذرآتش کردیا۔ گارڈن کے علاقے رنچھوڑ لین میں مسلح کار سوار افراد ایک نوجوان کی ہاتھ پاؤں بندھی نعش پھینک کر فرار ہوگئے۔ مقتول کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فائرنگ کرکے  قتل کیا گیا تھا۔ گارڈن کے ہی علاقے میں مسلح ملزموں کی فائرنگ سے  بیس سالہ راشد ہلاک ہوگیا ۔ کراچی میں رواں ماہ میں  اب تک ستائیس افراد ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن چکے ہیں جبکہ اگست میں ایک سو پچاسی افراد ہلاک ہوئے تھے۔
مزیدخبریں