کراچی میں بدامنی تجارتی و معاشی سرگرمیوں کیلئے نقصان دہ ہے: لاہور چیمبر

Sep 13, 2013

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کراچی میں بدامنی کے حالات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صورتحال تجارتی و معاشی سرگرمیوں کے لیے بہت نقصان دہ ہے لہذا کراچی میں حالات معمول پر لانے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھانا ہونگے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق افتخار نے کہا کہ کراچی ملک کا سب سے بڑا اور صنعتی، تجارتی و معاشی حوالے سے بہت اہم شہر ہے جہاں نہ صرف سب سے زیادہ محاصل اکٹھے ہوتے ہیں بلکہ ملک کی سب سے بڑی بندرگاہ بھی واقع ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ملک دشمن عناصر سارے ملک کو متاثر کرنے کے لیے کراچی کے حالات خراب کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم شہر میں بدامنی کی وجہ سے نہ صرف ملک بھر میں معاشی عمل متاثر ہورہا ہے بلکہ ملک کی ساکھ بھی مجروح ہورہی ہے جو کسی طرح بھی ہمارے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایک دن کی ہڑتال سے معیشت کو تین سے چار ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے ، اس کے علاوہ روزانہ اُجرت پر کام کرنے والے ڈھائی ملین افراد ، چار ہزار انڈسٹریل یونٹس اور چھ لاکھ ریٹیل شاپس بھی متاثر ہوتی ہیں۔

مزیدخبریں