لاہور (خصوصی نامہ نگار) دریائے راوی کے دونوں کناروں پر 33کلومیٹر کے علاقے میں اعلی درجے کے رہائشی‘کمرشل ‘ ادارہ جاتی ‘ ثقافتی اور تفریحی زون بنائے جائیں گے-اس منصوبے کو ریور راوی زون ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا نام دیا گیا ہے-منصوبے پرکام شروع کرنے کے لئے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے کی زیر نگرانی اربن پلاننگ‘ ٹرانسپورٹ انجینئرنگ‘ واٹر انجینئرنگ ‘ فنانس اور دیگر شعبوں کے ماہرین پر مشتمل خصوصی شعبہ سٹریٹیجک پالیسی یونٹ قائم کیا جائے گا ۔ اس پراجیکٹ کی نگرانی چیئرمین لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کی سربراہی میںکام کرنے والی سٹیئر نگ کمیٹی کرے گی جس کے دیگر ارکان میں کمشنر لاہور ڈویژن کے علاوہ چیئرمین پی اینڈ ڈی اور صوبائی محکمہ خزانہ ‘ ہاﺅسنگ او رآبپاشی کے صوبائی سیکرٹریوں اور چیف ایگزیکٹو آفیسر اربن یونٹ کے نمائندے شامل ہوں گے جبکہ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے اس کمیٹی کے سیکرٹری ہوں گے۔ یہ کمیٹی سٹریٹیجک پالیسی یونٹ میں کام کرنے والے ماہرین کا بھی انتخاب کرے گی ۔ یہ فیصلے گزشتہ روزلاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کے اجلاس میں کئے گئے ۔گورننگ باڈی نے فیروز پور روڈ پر 40 ہزا ر کنال رقبے پر نئی رہائشی سکیم شروع کرنے کے لئے پرائیوٹ ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے انتخاب اور ان کے ساتھ معاہدے‘ کنسلٹنٹ کے تقرر اور سکیم میں مزید رقبہ شامل کرنے کی بھی منظوری دی ۔