لاہور (سٹاف رپورٹر)وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ امریکہ اور برطانیہ کی حکومتیں چند مالدار خاندانوں کے قبضے میں ہیں اور ہمیں امریکی عوام سے مل کر بنی نوع انساں کی جان ان سے چھڑانی ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی انڈر گریجوایٹ سٹڈی سنٹر میں اپنی دسویں کتاب ” 9/11اینڈ دی نیو ورلڈ آرڈر“ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود، حسن نثار‘ڈاکٹر مجاہد منصوری، ڈاکٹر اجمل نیازی، راجہ انور، سجاد میر، حفیظ اللہ نیازی، ڈاکٹر نسیم ریاض بٹ، چودھری محمد اکرم، اسد اللہ غالب اور سینئر فیکلٹی ممبران موجود تھے۔ ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ محب وطن امریکی اپنے حکمرانوں کے اعمال سے کس قدر رنجیدہ ہیںکہ وہ انہیں کس طرف دھکیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ القاعدہ کے رہنما ایمن الظواہری اور بن لادن خاندان کے کچھ افراد کو نیٹو کے جہازوں میں وسطی ایشیاءمیں لایا گیا تاکہ خطے کو عدم استحکام سے دوچار کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں تحقیق سے یہ ثابت ہوا ہے کہ القاعدہ امریکی سی آئی اے کا اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی ادارے سنٹر فار پبلک انٹیگرٹی نے تحقیق کر کے انکشاف کیا ہے کہ امریکی حکمرانوں بشمول بش، کنڈولیزا رائس، ڈک چینی و دیگر نے صرف عراق میں جنگیں نافذ کرنے کے لئے ایک ہزار جھوٹ گھڑے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی ایف بی آئی کے مطابق 9/11 کے واقعہ میں اسامہ کی شمولیت کا کوئی ثبوت ان کے پاس نہیں۔ امریکی سی آئی اے اور نیٹو 20 سال تک آپریشن گلیڈیو کے تحت یورپ میں دہشت گردی کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ 9/11 میں امریکہ کا ساتھ دینے سے پاکستان کی سالمیت خطرے میں پڑی گئی۔ پاکستان میں دہشت گردی اور خود کش حملوں کی سرپرستی امریکہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9/11 کے واقعہ پر تحقیق کرنے اور کتاب لکھنے کا صرف یہی مقصد تھا کہ حقائق لوگوں کے سامنے لائے جائیں۔حسن نثار نے کہا کہ ڈاکٹر مجاہد کامران نے اپنی کتاب میں امریکی وحشت‘ سفاکی‘ خودغرضی اور کینیڈی کے قتل سے پرل ہاربر اور 9/11 کے واقعات سے پردہ اٹھایا۔ ڈاکٹر اجمل نیازی نے کہا کہ آج کے سیاستدانوں کی منزل حکمران بننا ہے لیڈر بننا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 9/11ایک جھوٹ تھا جس کا سہارا لیکر امریکہ دنیا پر ظلم کر رہاہے۔ انہوںنے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود امریکہ اور بھارت کی غلامی پر مجبور ہیں۔ سجاد میر نے کہا کہ دنیا جو چند خاندان کنٹرول کر رہے ہیں جسے اس کتاب نے سائنسی طور پر ثابت کیا ہے۔
”امریکی عوام حکمرانوں سے نالاں ہیں‘ القاعدہ سی آئی اے کا اثاثہ ہے“
”امریکی عوام حکمرانوں سے نالاں ہیں‘ القاعدہ سی آئی اے کا اثاثہ ہے“
Sep 13, 2013