سعید اجمل پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں 14 اکتوبر 1977ء میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کیرئر کا آغاز 2008ء میں پاکستان کے منعقد ہونے والے ایشیا کپ کے موقع پر بھارت کے خلاف میچ سے کیا۔ اس میچ میں وہ کوئی خاص کامیاب باولر کے طور پر سامنے نہیں آئے کیونکہ میچ میں وہ صرف ایک وکٹ حاصل کر سکے تھے۔ ان کا پہلا شکار یوسف پھٹان تھے جنہوں سعید اجمل نے ناصر جمشید کے ہاتھوں کیچ آوٹ کیا تھا۔ سعید اجمل نے چھ سالوں میں پاکستان کی جانب سے 111 میچوں میں نمائندگی کر رکھی ہے جس میں ان کی وکٹوں کی تعداد 183 ہے۔ ون ڈے میں ان کی بہترین باولنگ 24 رنز کے عوض میچ میں پانچ وکٹیں ہیں۔ سعید اجمل نے چھ مرتبہ چار اور اس سے زائد وکٹیں جبکہ 2 مرتبہ پانچ اور پانچ سے زائد وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ سعید اجمل کی ایک روزہ کرکٹ میں باولنگ اوسط 22.18 ہے۔ اسی طرح سعید اجمل نے ٹیسٹ کیرئر کا آغاز جولائی 2009ء کو گال کے مقام پر سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ سے کیا اس میچ کی دونوں اننگز میں سعید اجمل نے پانچ شکار کیے۔ قومی کھلاڑی نے اب تک 35 ٹیسٹ میچوں میں ملک کی نمائندگی کر رکھی ہے جس میں انکی وکٹوں کی تعداد 178 ہے۔ ٹیسٹ میں ان کی باولنگ اوسط 28.10 ہے۔ سعید اجمل کو ایک میچ میں چار مرتبہ 10 اور اس سے زائد ، دس مرتبہ پانچ اور پانچ سے زائد وکٹیں میچ میں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ ٹی ٹونٹی انٹرنشنل کرکٹ میں سعید اجمل نے 63 میچوں میں 85 کھلاڑیوں کو آوٹ کر رکھا ہے۔ آئی سی سی کی جاری ہونے والی تازہ رینکنگ میں وہ دنیا کے نمبر ون باولر قرار پائے ہیں۔
کرکٹ کیرئر
Sep 13, 2014