لاہور (فرخ سعید خواجہ) پاکستان تحریک انصاف نے 13 ستمبر کو منائے جانے والے ”ون نیشن ڈے“ پر اسلام آباد میں اپنی افرادی قوت کا بھرپور مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قبل ازیں تحریک انصاف کی جانب سے ملک بھر میں قومی پرچم لے کر ون نیشن ڈے منانے کی تجویز تھی تاہم اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک بھر سے بالخصوص صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پی کے سے تحریک انصاف کے کارکنوں اور حامیوں کو بہت بڑی تعداد میں اسلام آباد لایا جائے۔ یاد رہے عمران خان نے 14 اگست کو لاہور سے آزادی مارچ شروع کیا تھا اور وہ 16 اگست کو اسلام آباد پہنچے تھے تاہم خیبر پی کے سے 13 اگست سے ہی لوگوں کی اسلام آباد آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔ سو تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ ایک ماہ کے عرصے پر مبنی جاری تحریک کا نقطہ عروج 13 ستمبر کو منایا جائے۔ اس سلسلے میں چاروں صوبائی صدور کو کارکن اور حامی اسلام آباد لانے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے تاہم صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پی کے کے صدور کو ہدایت کی گئی ہے کہ اسلام آباد سے ملحقہ اضلاع سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں کارکن اور حامی لے کر آئیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ دونوں صوبائی صدور کو فری ہینڈ دیا گیا ہے کہ کوئی مقررہ تعداد کی بجائے اپنی ہمت سے اسلام آباد میں آزادی مارچ کو ملین مارچ میں تبدیل کردیں۔ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور سے اسلام آباد میں 13 ستمبر کے ون نیشن ڈے میں صوبے کے دیگر اضلاع سے آنے والے افراد سے زیادہ کارکن لانے کی ذمہ داری ضلع لاہور تحریک انصاف کے صدر عبدالعلیم خان کو سونپی گئی ہے۔ گزشتہ روز عبدالعلیم خان نے لاہور شہر کے ٹاﺅن صدور، ضلعی و تحصیل عہدیداران، یونین کونسل اور یونٹس کے صدور سمیت تمام ونگز کے ذمہ داران کا اجلاس منعقد کرکے ہفتے کی شام اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں جمع ہونے کی حکمت عملی تیار کی۔ عبدالعلیم خان نے نوائے وقت کے استفسار پر کہا کہ ہم لاہور سے کتنی بڑی تعداد میں لوگ لے جائیں گے اس کا مظاہرہ آپ آج ہفتہ 13 ستمبر کو دیکھ لیں گے۔ انہوں نے تعداد بتانے سے گریز کیا۔ تاہم تحریک انصاف لاہور کے ذمہ دار ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ 13 ستمبر کو لاہور سے اسلام آباد جانیوالوں کی تعداد 14 اگست سے زیادہ ہو گی۔
تحریک انصاف فیصلہ