کراچی (نیٹ نیوز) نئی دہلی میں عالیشان پاکستان نمائش کے افتتاح کے روز انتہا پسند ہندو تنظیموں نے نمائش گاہ کے داخلی دروازے پر دھرنا دے دیا جس سے پہلے روز پاکستانی مندوبین اور شرکا کو نمائش گاہ تک پہنچنے میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑا، نمائش کے خلاف نفرت آمیز رویے اور احتجاج کے سبب پہلے روز ٹریڈ وزیٹرز کی تعداد انتہائی محدود رہی۔ وفاقی وزارت تجارت کے تحت ہونے والی نمائش میں کسی اعلیٰ حکومتی شخصیت نے بھی شرکت نہیں کی اور نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے نمائش کا افتتاح کیا۔ حکومت کی جانب سے منتظمیں کو بدترین سیلاب کے باعث قیمتی جانی نقصان کو مدنظر رکھتے ہوئے نمائش کو سادگی سے منعقد کرنے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم منتظمین نے نمائش میں میوزک اور فیشن شو کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور ایک روز قبل ہی رنگا رنگ رونق میلہ شروع کر دیا۔ نمائش میں شریک پاکستانی ایکسپورٹرز نے فون پر بتایا کہ تجارت کے فروغ کے نام پر فیشن کو فروغ دیا جارہا ہے، منتظمین کی تمام توجہ فیشن انڈسٹری کو پروموٹ کرنے پر مرکوز ہے، خود ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی سیکرٹری رابعہ جویری اپنے بھائی ٹیپو جویری کے ساتھ فیشن ڈیزائنرز تک ہی محدود رہیں جس سے لاکھوں روپے خرچ کرکے تجارت کے مواقع بڑھانے کے خواہشمند تاجروں کو شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔
عالیشان پاکستان نمائش
نئی دہلی: عالیشان پاکستان نمائش کے باہر انتہا پسند ہندو تنظیموں کا دھرنا
Sep 13, 2014