انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان‘ لاہور 57.94‘ گوجرانوالہ 48.17 فیصد طلبہ کامیاب

Sep 13, 2014

لاہور+ گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) پنجاب بھر میں انٹر میڈیٹ سالانہ امتحان 2014ءکے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں لاہور کے الحمرا ہال نمبر 2 میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی وحید عالم نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباءو طالبات کو انعامات سے نوازا۔ انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2014ءمیں 136433 امیدواران نے شرکت کی جن میں سے 79056 امیدواران پاس ہو ئے اور کامیابی کا تناسب 57.94% رہا۔ سالانہ امتحان میں 5948 امیدواران نے A+گریڈ 9964 نے A 19308 نے B 26845 نے C 16020 نےD 826 امیدواران نے گریڈ E حاصل کیا۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ ایجوکیشن بورڈ نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات2014ءکے نتائج کے مطابق امیدواروں کی اکثریت فیل ہوگئی۔ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر تنویر ظفر کے مطابق امتحان میں شامل 108384 امیدواروں میں سے 56175 فیل اور52209 پاس ہوئے۔ اس طرح کامیابی کا تناسب 48.17 فیصد رہا۔ پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صو بائی اسمبلی عبدالرﺅف مغل نے کہا ہے کہ پوزیشن ہولڈر طلباءو طالبات ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور بلاشبہ پاکستانی قوم کے نوجوان بے شمار صلاحیتوں سے مالا مال ہیں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی میں اضافہ کے لئے طلباءو طالبات کو عملی زندگی میں خدمات جانفشانی سے صرف کرنا ہوں گی۔ ایم این اے محمود بشیر ورک‘ ایم پی اے توفیق احمد بٹ‘ چیئرمین بورڈ محمد اسلم سیکھو‘ کنٹرولر بورڈ ڈاکٹر تنویر ظفر‘ سیکرٹری بورڈ جواد حسین شیرازی‘ پروفیسر امان اللہ چیمہ‘ مختلف تعلیمی اداروں کے پرنسپلز اساتذہ کرام‘ والدین او ر طلباءو طالبات نے کثیر تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف تعلیم دوست انسان ہیں اور انہوں نے تعلیم کے فروغ کے لئے صوبہ بھر میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ بعدازاں مہمانان خصوصی نے پوزیشن ہولڈرز طلباءو طالبات میں انعامات و سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔ ملتان بورڈ کے امتحانات میں کامیابی کا تناسب مجموعی طور پر 53.59 فیصد جبکہ راولپنڈی میں 47.87فیصد رہا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق انٹرمیڈیٹ 2014ءکے سالانہ امتحانات میں کامیابی کا مجموعی تناسب 50.74 فیصد رہا۔ 76ہزار 140 امیدواروں میں سے 38ہزار 632 امیدوار کامیاب ہوئے۔ 37ہزار 508 امیدوار ناکام ہوئے۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق سرگودھا بورڈ کے امتحان میں کل 33311امیدواروں نے شرکت کی جن میں سے 20281 امیدوار کامیاب قرار پائے جبکہ 13030امیدوار فیل ہو گئے۔ کامیابی کا تناسب 52.3 فیصد رہا۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق ساہیوال میں انٹرمیڈیٹ سکینڈری ایجوکیشن بورڈ کے نتائج کے مطابق امتحانات میں کل 32022 امیدواروں نے حصہ لیا جن میں سے 16749پاس جبکہ 15273 فیل ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 52.3فیصد رہا۔ بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق انٹر میڈیٹ سالانہ امتحان 2014ءمیں کامیابی کا تناسب 56.03 فیصد رہا۔
انٹرمیڈیٹ/ نتائج

مزیدخبریں