کراچی نیول ڈاکیارڈ پر حملے کا دعوی مسترد‘ القاعدہ مزید کارروائی کی طاقت نہیں رکھتی : امریکہ

Sep 13, 2014

واشنگٹن (اے این این) امریکی محکمہ خارجہ کی نائب ترجمان میری ہارف نے کراچی میں نیول ڈاکیارڈ پر حملے سے متعلق القاعدہ کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ القاعدہ کی کمر ٹوٹ چکی ہے، اور اب وہ کسی نئی دہشت گردی کی استعداد نہیں رکھتی۔ معمول کی میڈیا بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں معاون خاتون ترجمان نے کہا کہ حال ہی میں جنوبی ایشیا میں القاعدہ کی شاخ قائم کئے جانے سے متعلق خبریں سامنے آئی ہیں۔ ان سے سوال کیا گیا تھا کہ کراچی ڈاکیارڈ میں پاکستانی بحریہ کی ایک تنصیب پر حالیہ دنوں ہونے والے ایک حملے کے بارے میں القاعدہ کا ایک بیان سامنے آیا ہے۔ اس سے متعلق امریکہ کا کیا کہنا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ دہشت گردی سے متعلق کسی بھی دھمکی یا خطرے کو سنجیدگی سے لیا جاتا ہے اور انسداد کی کوششیں جاری رہتی ہیں۔ القاعدہ سے متعلق معاون ترجمان نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے کہ القاعدہ کے پاس اب کسی نئی کارروائی کی استعداد باقی نہیں رہی، جب کہ وہ ماضی میں دہشتگردی کے بڑے حملوں میں ملوث رہ چکی ہے۔ پاکستان و بھارت میں شدید بارشوں اور سیلاب سے متعلق ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ امریکہ کے پاس ضروری امدادی وسائل موجود ہیں لیکن بقول ان کے کسی ملک نے مدد کےلئے امریکہ سے کوئی درخواست نہیں کی۔
امریکہ

مزیدخبریں