اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آپریشن ضرب عضب کے باعث نقل مکانی کرنے والوں کی بحالی کیلئے جرمنی سمیت دیگر ممالک کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بحالی کی سرگرمیوں کو مربوط بنانے کیلئے خصوصی سیل قائم کیا گیا۔ ملاقات میں آئندہ ہفتے جرمنی کے اقتصادی تعاون کی وزارت کے پارلیمانی سیکرٹری کے دورہ پاکستان پر بھی گفتگو کی گئی۔ وزیر خزانہ نے جرمن سفیر کو آپریشن ضربِ عضب کے باعث نقل مکانی کرنیوالے افراد کی بحالی کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ قبل ازیں وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے وفاقی دارالحکومت کے سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹرز کے احتجاج کے باعث ہیلتھ رسک الائونس کی بحالی کے سلسلے میں بنائی جانیوالی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیرخزانہ نے ہیلتھ رسک الائونس کے حوالے سے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مطالبات کو غور سے سنا اور انہیں یقین دہانی کروائی کہ ہیلتھ رسک الائونس بحال کرنے پر ہمدردانہ جائزہ لیا جائیگا، معاملے کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائیگی، ہیلتھ رسک الائونس بحال کرنے سے مالی بوجھ پڑنے کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، وزارت خزانہ اور وزارت کیڈ کی مشاورت کے بعد اس سلسلے میں ہیلتھ رسک الائونس کا حتمی اعلان کیا جائیگا۔
ہیلتھ الاؤنس بحالی پر ہمدردانہ غور کرینگے، اسحاق ڈار کے ڈاکٹروں کی کمیٹی سے مذاکرات
Sep 13, 2015