اسلام آباد+ پشاور (بی بی سی+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) اسلام آباد میں کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد قبضے میں لے لیا گیا۔ دو خودکش حملہ آوروں سمیت 100 افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ حساس اداروں کے اہلکاروں نے ترنول میں سرچ آپریشن کے دوران مشکوک افراد کیخلاف کارروائی کی۔ گرفتار ہونیوالوں میں 10 شدت پسند بھی شامل ہیں۔ کارروائی میں گرفتار ہونیوالے 50 افراد کا تعلق قبائلی علاقے سے ہے۔ 15 افغانی شہریوں کو بھی گرفتار کیا گیا۔ سرچ آپریشن حساس اداروں کی رپورٹ کی روشنی میں کیا گیا۔ پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران جو دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا ہے وہ انتہائی اعلی کوالٹی کا ہے جس کے استعمال سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوسکتی تھی۔ دریں اثنا نوشہرہ سے ٹارگٹ کلرز اور ڈکیت گروہ کے 2ارکان کو گرفتار کرکے بھاری اسلحہ برآمد کرلیا گیا جنہیں گزشتہ روز عدالت میں پیش کیا گیا۔ اسلام آباد میں گرفتار افراد سے 190 کلوگرام بارودی مواد، 45 ہتھیار بھی برآمد ہوئے۔ گرفتار ملزمان سے 190 کلوگرام بارودی مواد، آٹھ ایس ایم جی گنیں، 30 بور کے 19 پستول، تین نائن ایم ایم پستول، پانچ ڈبل بیرل بندوقیں، پانچ پمپ ایکشن بندوقیں، پانچ چوری شدہ موٹر سائیکلیں دیگر مسروقہ مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ صباح نیوز کے مطابق پشاور میں حساس اداروں نے جی ٹی روڈ پر کنٹینر سے 25 ٹن دھماکہ خیز مواد برآمد کرکے ڈرائیور گرفتار کرلیا۔ چولستانی علاقہ سے بم برآمد کرلیا گیا جسے بم ڈسپوزل سکارڈ نے ناکارہ بنا دیا۔ سکیورٹی فورسز نے آوران میں کارروائی کر کے دہشت گردوں کے 5 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔ انکا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ سکیورٹی فورسز نے ژوب مرغہ کیزئی میں کارروائی کر کے 27 مارٹر گولے، فیوز اور بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا۔
اسلام آباد/ گرفتاریاں
اسلام آباد : تخریب کاری کا منصوبہ ناکام‘ دو خودکش حملہ آوروں سمیت 100 گرفتار بھاری اسلحہ بارود برآمد
Sep 13, 2015