عمران فاروق کے قاتل کٹہرے میں لانے کیلئے پاکستانی حکام سے ملکر اقدامات کررہے ہیں: سکاٹ لینڈ یارڈ

لندن (نوائے وقت رپورٹ) سکاٹ لینڈ یارڈ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔ قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے پاکستانی حکام کیساتھ اقدامات جاری ہیں۔ ایک بیان میں سکاٹ لینڈ یارڈ نے تصدیق کی کہ عمران فاروق قتل کیس میں ہماری ٹیم نے ایک ملزم سے پاکستان میں تفتیش کی ہے۔ دریں اثنا جوائنٹ انوسٹی گیشن کے ایک رکن نے انکشاف کیا ہے کہ عمران فاروق قتل کیس کا اہم ملزم کاشف خان کامران افغانستان کے سرحدی علاقے وسیع منڈی میں روپوش ہے۔ یہ پیشرفت سکاٹ لینڈ یارڈ ٹیم کی لندن جانے کے ایک ہفتے بعد ہوئی۔ جے آئی ٹی کے رکن کے مطابق کامران کے خاندان نے تفتیش کاروں کے سامنے یہ انکشاف کیا ہے کہ کاشف نے انہیں گزشتہ ماہ افغانستان کے نمبر سے فون کیا۔ جے آئی ٹی رکن کا مزید کہنا ہے کہ کامران کے دوستوں علی اور خالد نے ایف آئی اے آفیسر انعام غنی کے سامنے اعتراف کیا ہے کہ کامران افغانستان میں ایرانی بارڈ کے آس پاس کسی علاقے میں روپوش ہے۔ دوسری جانب تحقیقاتی کمشن کے ایک اور رکن کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کے ذریعے کامران کی تلاش کیلئے افغان حکام سے رابطے میں ہیں۔
عمران فاروق قاتل

ای پیپر دی نیشن